یو کرین کے ڈرون حملے میں روسی گیس پلانٹ میں آگ بھڑک ا ٹھی

کیف (آئی این پی )یوکرین کے ڈرونز کے ذریعے حملوں کے نتیجے میں روس کے علاقے اورینبرگ میں واقع ایک گیس پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی، مقامی گورنر نے اتوار کے روز بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ورکشاپ میں آگ بھڑک اٹھی، جسے بجھانے کیلئے ریسکیو سروسز کام کر رہی ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گورنر ییوگینی سولتسِیف نے اپنے سرکاری ٹیلی گرام چینل پر کہا کہ حملے میں پلانٹ کے کسی ملازم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم پلانٹ کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے۔سولتسِیف نے اس ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ یوکرینی ڈرونز نے قازقستان کی سرحد کے قریب روسی شہر اورسک میں ایک نامعلوم صنعتی تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔اس وقت ٹیلی گرام پر پوسٹ کی گئی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ایک چیز ایک ایسی تنصیب سے ٹکرا رہی ہے، جسے اورسک نیفٹی آرگ سنٹیز آئل ریفائنری کے طور پر شناخت کیا گیا تھا۔یوکرین نے اگست سے روسی ریفائنریوں اور دیگر توانائی کے مراکز پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں، تاکہ پیٹرول کی فراہمی میں خلل ڈالا جا سکے اور ماسکو کو مالی وسائل سے محروم کیا جا سکے۔