حماس کے غیرمسلح ہونے تک غزہ میں جنگ نہیں ختم ہو گی، وزیراعظم نیتن یاہو کی تنبیہ

 حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں،اسرائیل کو ریڈ کراس کے ذریعے 2 یرغمالیوں کی لاشیں موصول 
غزہ ،واشنگٹن (آئی این پی)فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں جبکہ اسرائیل نے غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ اسے حماس کی جانب سے 2 مزید یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوگئیں۔وزیراعظم نیتن یاہوکے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو ریڈ کراس کے ذریعے 2  یرغمالیوں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں، جنہیں غزہ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا ہے۔یہ لاشیں جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل کے حوالے کی گئی ہیں۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ لاشوں کو شناخت کے لیے اسرائیل میں ایک طبی تجزیاتی مرکز منتقل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اب تک حماس کی جانب سے 28 میں سے 11 مغویوں کی لاشیں اسرائیل کو ملی ہیں۔حماس کا کہنا ہیکہ رفح کراسنگ کی بندش یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے، یرغمالیوں کی لاشوں کی حوالگی رفح کراسنگ کھلنے سے مشروط ہے۔ادھر اسرائیل نے غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔اسرائیلی وزیر اعظم کے آفس کے مطابق غزہ اور مصر کے درمیان واقع رفح بارڈر تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نیتن یاہو آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا  گیا کہ اسرائیلی مغویوں کی لاشوں کی واپسی اور طے شدہ فریم ورک کو نافذ کرنے میں حماس کے کردار کو دیکھتے ہوئے رفح بارڈر کھولنے پر غور کیا جائے گا۔دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ حماس اور غزہ کی پٹی میں موجود دیگر تنظیموں کے غیرمسلح ہونے تک جنگ ختم نہیں ہو گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو کا یہ اعلان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے دو یرغمالیوں کی لاشیں حوالے کیں۔یتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے کا دوسرا مرحلہ اہم ہے جس کے تحت حماس اور غزہ کی پٹی میں موجود دیگر عسکری گروپوں کو غیرمسلح کرنا ہے