حماس نے ہتھیار نہ ڈالے تو طاقت کے ذریعے غیرمسلح کردینگے:ٹرمپ

واشنگٹن (آئی  این پی)صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر متنبہ کیا ہے  وہ ہتھیار پھینک دے اور معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کرے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ حماس کو سمجھ لینا چاہیے کہ ہم کوئی کھیل نہیں کھیل رہے۔ ہتھیاروں کا معاملہ محدود وقت میں حل ہوجانا چاہیے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے بقول یہ پیغام ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر نے مصر میں ہونے والی ملاقات میں حماس کے نمائندے خلیل الحیا تک بھی پہنچایا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر حماس نے ایسا نہ کیا تو ہم انھیں خود ہتھیاروں سے محروم کردیں گے۔ چاہے اس کے لیے طاقت کا ہی استعمال کیوں نہ کرنا پڑے۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر شکوہ کیا کہ بیس زندہ مغوی واپس آچکے ہیں لیکن کام ابھی مکمل نہیں ہوا کیونکہ تمام لاشیں واپس نہیں کی گئیں۔ حماس نے اب تک صرف چند لاشیں حوالے کی ہیں جن کی شناخت بھی مکمل نہیں ہو سکی۔