نیتن یاہو غزہ معاہدے پر راضی، حماس کو جنگ بندی کی ضمانت درکار

فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں تاکہ متحد فلسطینی موقف تشکیل دیا جا سکے،حماس ذرائع
مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی )اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور اب حماس کے جواب کا انتظار ہے۔قطری نشریاتی ادارے کے مطابق حماس کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ حماس کو جنگ بندی کیلئے ضمانتیں درکار ہیں۔حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں تاکہ متحد فلسطینی موقف تشکیل دیا جا سکے، تجاویز کو مثبت اور لچکدار روح کے ساتھ دیکھ رہے ہیں تاکہ ہمارے عوام کے مفادات اور قومی اور انسانی مسائل کو حل کیا جا سکے اور جنگ کا خاتمہ ہو۔نیتن یاہو نے ایک بستی کے معائنہ کے موقع پر کہا کہ ہم نے معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے اور حماس کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔