سیلابی نقصانات کے باعث برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ ہوگا، ملکی جی ڈی پی میں تقریبا 1 فیصد کمی متوقع ہے
پشاور (آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے زرعی نقصانات کے معاوضے ادا کر دئیے ہیں، سیلاب 2025 سے ملک بھر میں 40 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور کل معاشی نقصان کا تخمینہ 822 ارب روپے لگایا گیا ہے۔مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 631 ارب، خیبرپختونخوا میں 51 ارب اور سندھ میں 32 ارب روپے کے نقصانات ہوئے۔پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ کپاس کی 30 سے 34 لاکھ گانٹھیں اور گنے کی 13 سے 33 لاکھ ٹن پیداوار متاثر ہوئی، جبکہ چاول کی پیداوار میں 6 سے 12 لاکھ ٹن تک کمی آئی ہے۔مزمل اسلم نے خبردار کیا کہ سیلابی نقصانات کے باعث برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں ملکی جی ڈی پی میں تقریبا 1 فیصد کمی متوقع ہے۔