گندم کی قیمت میں کمی سے کسانوں کا 75 ارب کا نقصان ہو رہا ہے،مشیر خزانہ خیبر پختونخوا
پشاور(آئی این پی ) مشیر خزانہ خیبر پختونخوا حکومت مزمل اسلم نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گیس مزید مہنگی کرنے کی تیاری ہورہی ہے ، گندم کی قیمت میں فی من 100روپے کم ملنے سے کسانوں کا 75ارب روپے کانقصان ہو رہا ہے جبکہ پنجاب کے کسانوں کو 50 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ گندم کے نرخ، شرح نمو اور پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خزانہ کے پی نے کہا کہ گندم کی موجودہ قیمت کے حساب سے 1200روپے فی من کسانوں کو نقصان ہے، پنجاب کے کسانوں کا 600ارب روپے باقی ملک کے کسانوں کا 300ارب بنتا ہے، یہی کل نقصان تقریباً 3.2ارب ڈالر کا بنتا ہے، اسی صورتحال کے تناظر میں مستقبل میں گندم کی درآمد کرنی پڑے گی، اتنی رقم پھر درآمد کی شکل میں غیر ملکی کسانوں کو ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی پہلے 30سے 70کی اور اب مزید لیوی لگائیں گے تاکہ پٹرول سستا نہ ہو، حکومت کی جانب سے گیس مزید مہنگی کرنے کی تیاری ہو رہی ہے جبکہ کھاد پر نئے بجٹ میں ٹیکس لگانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔