کراچی: پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے اپنی منگنی اور نکاح سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے مداحوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی شادی سے متعلق تمام تفصیلات مناسب وقت پر خود بتائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عاصم اظہر کی حال ہی میں چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں ایک دلہن کو ہرے رنگ کے لباس میں دیکھا گیا، جبکہ گلوکار خود بھی شیروانی پہنے نظر آئے۔ تصاویر میں اداکار یاسر حسین اور عاصم اظہر کو ایک ساتھ رقص کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ان تصاویر اور ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ عاصم اظہر نے کسی نجی تقریب میں منگنی یا نکاح کرلیا ہے۔ مداحوں کی بڑی تعداد نے بھی گلوکار کی شادی سے متعلق سوالات اٹھائے۔تاہم اب عاصم اظہر نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے مداحوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ شادی کی فکر نہ کریں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ جب بھی اس حوالے سے کوئی خبر ہوگی تو وہ سب کو خود بتا دیں گے۔
شادی کی تقریب دراصل اشتہار کا حصہ؟
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق عاصم اظہر کی وائرل ہونے والی تصاویر ایک موبائل فون کے اشتہار کی شوٹنگ سے متعلق ہیں۔ اشتہار کا پرومو بھی جاری کیا گیا تھا، جس میں شادی کی تقریب کا منظر دکھایا گیا، جس کے باعث صارفین میں ان کی حقیقی منگنی یا نکاح سے متعلق غلط فہمی پیدا ہوئی۔