پاکستانی صحافی اور ڈیجیٹل کریئیٹر فرح یوسف نے اپنے شوہر، اینکر اور سیاست دان اقرارالحسن کے ساتھ تعلق اور طلاق سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر اپنا مؤقف بیان کر دیا ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
فرح یوسف نے صحافت کا آغاز 2007 میں ایک نجی ٹی وی چینل سے بطور نیوز اینکر کیا، بعد ازاں وہ پی ٹی وی ہوم سمیت دیگر نجی چینلز سے بھی وابستہ رہیں۔ اس وقت وہ اپنا یوٹیوب چینل چلا رہی ہیں، جہاں وی لاگز اور پوڈ کاسٹس کے ذریعے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتی ہیں۔فرح یوسف، اقرارالحسن کی دوسری اہلیہ ہیں، جبکہ اقرارالحسن کی پہلی شادی قرۃ العین سے ہوئی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا ہے، اور بعد ازاں انہوں نے تیسری شادی عروسہ خان سے کی۔ریحان طارق کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فرح یوسف نے بتایا کہ ابتدا میں وہ اور اقرارالحسن زیادہ قریب نہیں تھے کیونکہ وہ ان کے سینئر تھے، جس کی وجہ سے احترام کے ساتھ جھجھک بھی تھی، تاہم وقت کے ساتھ دونوں کے درمیان دوستی اور قربت بڑھتی گئی۔انہوں نے کہا کہ وہ فطری طور پر شرمیلی ہیں اور ہر بات کسی سے شیئر نہیں کرتیں، حتیٰ کہ اقرارالحسن سے بھی نہیں، لیکن اب دونوں پہلے سے زیادہ ایک دوسرے کے قریب اور کمفرٹیبل ہیں۔
ان کے مطابق وہ ایک ساتھ وقت گزارتے ہیں، فلمیں دیکھتے ہیں، کھانا بناتی ہیں اور ماضی کی یادیں تازہ کرنے کے لیے لانگ ڈرائیوز پر بھی جاتے ہیں۔فرح یوسف نے کہا کہ ان کے درمیان ایک خوبصورت رشتہ ہے اور ہر رشتے میں دوستی نہایت ضروری ہوتی ہے۔ ان کے بقول میاں بیوی کے رشتے میں سب سے پہلے احترام، پھر دوستی اور اس کے بعد محبت ہونی چاہیے۔طلاق کی افواہوں پر بات کرتے ہوئے فرح یوسف نے کہا کہ جب بھی وہ یوٹیوب پر سرچ کرتی ہیں تو ان کی علیحدگی سے متعلق بے شمار وی لاگز سامنے آتے ہیں، جن کی کچھ سرخیاں اتنی نامناسب ہوتی ہیں کہ وہ انہیں دہرانا بھی نہیں چاہتیں۔انہوں نے کہا کہ صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے کہا جاتا ہے کہ اقرارالحسن نے انہیں چھوڑ دیا ہے، حالانکہ یہ مسئلہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ دیگر شخصیات بھی اس طرح کی افواہوں کا سامنا کر چکی ہیں۔ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداکار منیب بٹ اور دیگر سینئر شخصیات کے بارے میں بھی اسی نوعیت کی جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی رہی ہیں۔