لاہور: پاکستان کی گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ طور پر قبضے کی کوشش، دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے کے الزام میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملت پارک پولیس نے گلوکارہ شازیہ منظور کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے گلوکارہ شازیہ منظور کو جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ ملزمان مبینہ طور پر متنازع جائیداد پر پہنچے اور وہاں موجود کرایہ داروں کو دھمکیاں دیں۔واقعے کا مقدمہ دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے، جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی تفتیش جاری ہے اور واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی املاک کے تحفظ اور انہیں دھمکانے والوں کے خلاف پولیس بلاامتیاز کارروائی کرے گی۔