پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور نے اداکارہ علیزے شاہ کو اسٹیج پر گرانے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ محض ایک حادثہ تھا۔ شازیہ منظور کے مطابق علیزے شاہ خود ہی پھسل کر گری تھیں اور ان پر کوئی قصداً حملہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ علیزے شاہ پاکستان کی معروف اور خوبصورت اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ سال 2021 میں ایک فیشن ایونٹ کے دوران ریمپ واک کے دوران شازیہ منظور کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کرتے ہوئے علیزے شاہ گر گئی تھیں۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی اور کافی بحث کا موضوع بنی۔ابتدائی طور پر علیزے شاہ نے اپنے گرنے کا الزام شازیہ منظور پر لگایا اور دعویٰ کیا کہ گلوکارہ نے انہیں جان بوجھ کر اسٹیج پر گرا دیا، تاہم اس وقت شازیہ منظور کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں شازیہ منظور نے اس واقعے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا، “کیا اتنی خوبصورت لڑکی کو گرانے کا دل کرے گا؟ اس دن علیزے شاہ بہت خوبصورت لگ رہی تھیں، شاید انہیں نظر لگ گئی تھی۔”انٹرویو کے اختتام پر شازیہ منظور نے علیزے شاہ کے لیے محبت اور نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، اور واضح کیا کہ ان کے درمیان کسی قسم کی دشمنی یا بغض نہیں ہے۔