عراق میں تیل اسمگلنگ کے الزام میں پائپ لائن کمپنی کے جنرل منیجر گرفتار

عراق میں تیل اسمگلنگ کے الزام میں پائپ لائن کمپنی کے جنرل منیجر گرفتار

بغداد: عراق میں تیل کی مبینہ اسمگلنگ کے خلاف جاری تحقیقات کے دوران سرکاری آئل پائپ لائن کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل علی عبدالکریم الموسوی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 ان کی گرفتاری جرف الصخر (جرف النصر) کے علاقے میں تیل کی غیر قانونی منتقلی اور اسمگلنگ کے معاملے میں سامنے آئی ہے۔عراقی خبر رساں ادارے کے مطابق علی عبدالکریم الموسوی کو جمعرات کے روز عدالتی حکام کے سامنے بیان دینے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ ایک سینئر ذریعے کے مطابق ان کے بیان میں جرف الصخر کے علاقے میں تیل اسمگلنگ کی کارروائیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔حکام نے تیل کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ تحقیقاتی ادارے اس بات کا پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ تیل کی پائپ لائنوں سے غیر قانونی طور پر تیل کیسے نکالا اور منتقل کیا جاتا رہا، جبکہ اس نیٹ ورک میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد اور سہولت کاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق جرف الصخر میں تیل کی مبینہ اسمگلنگ کے معاملے پر اس سے قبل بھی اعلیٰ سکیورٹی اور انتظامی حکام کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ عراقی وزیراعظم نے اس معاملے کی تحقیقات کے بعد متعدد سکیورٹی اور انتظامی افسران کو عہدوں سے ہٹانے اور مشتبہ افراد کو عدالتی کارروائی کے لیے پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

 عراقی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں غیر قانونی ریفائننگ تنصیبات اور تیل کی پائپ لائنوں میں ممکنہ چھیڑ چھاڑ کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ تاہم گرفتار افسر کے خلاف الزامات کی مکمل تفصیلات اور آیا ان پر باضابطہ فرد جرم عائد کی گئی ہے یا نہیں، اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔دوسری جانب مسلح گروپ کتائب حزب اللہ نے تیل اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ متعلقہ تنصیبات فوجی گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔