بنگلہ دیش کے ضلع نارائل میں تیل کی فراہمی کے تنازع پر ایک ٹرک ڈرائیور نے فلنگ اسٹیشن کے منیجر کو ٹرک تلے کچل کر قتل کر دیا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا اور احتجاجاً تمام فلنگ اسٹیشنز نے ایندھن کی فراہمی بند کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB-6) نے ملزم سجات علی کو ضلع جیسور کے علاقے باگھارپارہ سے اتوار کو گرفتار کیا۔ RAB-6 کے کمپنی کمانڈر میجر اے ٹی ایم فضل ربی کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔مقتول کی شناخت نہید سردار کے نام سے ہوئی ہے جو تنویٰ فلنگ اسٹیشن، نارائل کے منیجر تھے۔ پولیس تحقیقات کے مطابق واقعہ ہفتہ کی شام پیش آیا، جب ملزم اپنے ٹرک میں ایندھن بھرانے اسٹیشن پہنچا لیکن دیگر گاڑیوں کو پہلے سروس دینے پر وہ مشتعل ہو گیا۔ دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، اور ملزم کئی گھنٹوں تک اسٹیشن کے باہر انتظار کرتا رہا۔پولیس کے مطابق رات تقریباً 2 بجے جب منیجر ڈیوٹی ختم کر کے گھر جا رہے تھے تو ملزم نے ٹرک ان پر چڑھا دیا، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا اور اپنے سسرال میں روپوش ہو گیا، جہاں سے بعد میں اسے گرفتار کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزم کو مقامی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ دوسری جانب نارائل میں فلنگ اسٹیشنز نے بطور احتجاج ایندھن کی فروخت بند کر دی ہے اور مقتول کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔