چھوٹے صوبے بنانے سے پہلے بنیادی اصلاحات ضروری ہیں، چھوٹی بادشاہتیں قائم نہ کی جائیں: خواجہ سعد رفیق

چھوٹے صوبے بنانے سے پہلے بنیادی اصلاحات ضروری ہیں، چھوٹی بادشاہتیں قائم نہ کی جائیں: خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی سلطنتوں کا خاتمہ ہونا چاہیے، تاہم ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ بڑی بادشاہتوں کی جگہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان سب پر شہنشاہ ایک ہی رہے۔

 ایسے نظام سے ملک نہ چل سکے گا اور نہ ہی ترقی کر پائے گا، اس لیے صوبوں کی تشکیل کے معاملے میں عجلت سے گریز کرنا مناسب ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ فرسودہ نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے۔ چھوٹے صوبوں کا قیام ایک مثبت اقدام ہو سکتا ہے، لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کے بغیر اس کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنانے سے پہلے شفاف اور نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔ سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور دولت مند طبقے کی حکمرانی کا خاتمہ ہونا چاہیے، جبکہ تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے بھی سیاست میں آگے بڑھنے اور حصہ لینے کے مواقع پیدا کیے جائیں۔سابق وفاقی وزیر نے سول سروس اور عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے انتظامی اور انصاف کے نظام کو بہتر بنائے بغیر صرف صوبوں کی تعداد بڑھانے سے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، غربت، مفلوج نظامِ عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت جیسے مسائل موجود ہیں۔ ان حالات میں چھوٹے صوبے تو بنا لیے جائیں گے، لیکن بنیادی مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں یہ نظام پائیدار ثابت نہیں ہوگا اور نئی پیچیدگیاں جنم لے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے۔ اگر ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو سب سے پہلے قوم کو ان مشکلات سے نجات دلانا ہوگی۔