اوکاڑہ میں تیز رفتاررکشہ الٹنے سے ڈرائیور قربان علی جاں بحق ہوگیا
پاکپتن میں کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوید دم توڑ گیا، بھائی زخمی
اوکاڑہ، پاکپتن ،حجرہ شاہ مقیم(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ میں تیز رفتاری کے باعث لوڈر رکشہ بے قابو ہو کر الٹ گیا،رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہو گیا،ریسکیو ذرائع کے مطابق چک نمبر 15/1-L کے قریب لوڈر رکشہ تیز رفتاری کی وجہ سے الٹ گیا، جس کے نتیجے میں محلہ گلشن حسینی کا رہائشی رکشہ ڈرائیور قربان علی شدید زخمی ہوگیا،حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کاروائیاں شروع کر دیں،ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ شخص کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ جاں بحق ہوگیا۔دوسرے حادثہ میں پاکپتن قبولہ روڈ پر کار نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو کچل دیا، ایک جاں بحق ہوگیا ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر کار سوار ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔حادثے میں چک نمبر 27 کے بی کے رہائشی 30 سالہ نوید ولد محمد حسین اور اسکا بھائی شدید زخمی ہوئے تھے۔دونوں زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک بھائی نوید دم توڑ گیا۔پولیس تھانہ قبولہ مصروف تفتیش ہے۔