بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل

 مالی لین دین کے تنازع پر چھری کے وار،دوسرا بھائی زخمی، پولیس نے ملزم جمشید انجم ججہ کو گرفتار کر لیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) چوہنگ کے علاقے میں مالی لین دین کے تنازع پر بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم جمشید انجم ججہ نے اپنے دو بھائیوں سہیل انجم ججہ اور نفیس انجم ججہ پر چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی سہیل انجم ججہ (55 سال) زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا زخمی نفیس انجم ججہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ چوہنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم جمشید انجم ججہ کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔