خاندانی جھگڑا، بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، ماں شدید زخمی

پسند کی شادی سے انکار پر دلشاد نے والدہ ، چھوٹے بھائی پر کلہاڑیوں سے حملہ کیا
علی پور (خصوصی رپورٹ)علی پور کے نواحی علاقے میں خاندانی جھگڑے پر بڑے نے چھوٹے بھائی کو قتل اور والدہ کوشدید زخمی کردیا۔پولیس کے مطابق 22 سالہ دلشاد نے پسند کی شادی سے انکار پر غصے میں آ کر اپنی والدہ اور 20 سالہ چھوٹے بھائی سجاد پر کلہاڑیوں سے حملہ کر دیاجس کے نتیجے میں سجاد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ والدہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم دلشاد وراثتی زمین پر زبردستی قابض تھا اور اس حوالے سے گھر میں آئے روز جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ اہل علاقہ کے مطابق وہ والدہ پر اکثر تشدد بھی کرتا تھا۔ والدہ نے الزام لگایا کہ پولیس کو متعدد شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ واقعے کے بعد دلشاد اپنے دو نامعلوم ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ اہل علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتل کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔