پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹ کی فضائی حدود میں مشتبہ ڈرون دیکھے جانے کی اطلاع پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا، جس کے باعث متعدد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 نومبر کی شام ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کو ایئرپورٹ کے قریب ممکنہ ڈرون کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر آنے والی پروازوں کو فضا میں انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ بعض طیاروں کو ہولڈنگ پیٹرن میں بھیج دیا گیا۔رپورٹس کے مطابق فضائی حدود میں مشتبہ ڈرون کی اطلاع کے بعد پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی اور طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت عارضی طور پر روک دی گئی۔ حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے اور فضائی حدود کو محفوظ قرار دینے کے لیے سیکیورٹی اقدامات شروع کیے۔ایئرپورٹ انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد پروازوں کا آپریشن بحال کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فضائی آپریشن میں تعطل مختصر وقت کے لیے رہا، تاہم اس دوران مسافروں اور ایئرلائنز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ فرانس میں ایئرپورٹس اور دیگر حساس مقامات کے قریب بغیر اجازت ڈرون اڑانے پر پابندی عائد ہے۔ ایسے مقامات پر ڈرون کی غیر مجاز پرواز مسافر طیاروں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے، خصوصاً ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران تصادم کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات میں مشتبہ ڈرون کی نوعیت، اس کے مالک یا اسے اڑانے والے شخص کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔