متحدہ عرب امارات نے غیر معمولی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یہ فیصلہ احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے تاکہ مسافروں اور فضائی آپریشن کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس سے قبل اماراتی وزارتِ دفاع نے بتایا تھا کہ ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل اور ڈرون خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث گزشتہ روز پاکستان سے قطر، بحرین اور کویت جانے والی 47 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آج پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے 213 پروازیں متوقع ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔دوسری جانب کراچی ایئرپورٹ سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 8 پروازیں منسوخ جبکہ 53 پروازیں آپریشنل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فلائٹ آپریشن کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔