خلیجی ایئرلائنز کا پاکستان کے لیے فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل، مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
ویب ڈیسک: پاکستان کی فضائی حدود میں جاری کشیدگی اور بار بار بندش کے نتیجے میں خلیجی ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنے فضائی آپریشن کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ایئرلائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، اور موجودہ حالات میں پاکستان آنے والے مسافروں کو کنیکٹنگ فلائٹس کے ذریعے سفر کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ پروازوں کے مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ ایئرپورٹس کا رخ نہ کریں اور تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔
ایئرلائنز نے یہ بھی وضاحت کی کہ جیسے ہی فضائی حدود کی صورتحال میں بہتری آئے گی، فلائٹ آپریشنز کو دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔اس فیصلے سے ہزاروں مسافر متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مسافروں کی سہولت کے لیے جلد مزید اقدامات کیے جائیں گے۔