پاکستانی فضائی حدود میں حالیہ بھارتی حملوں کے بعد، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے حفاظتی وجوہات کی بنا پر 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب لاہور کی فضائی حدود کے مخصوص روٹس (J139، J165، J186) کو 24 گھنٹے کے لیے بند کردیا تھا۔
تاہم، اب ان روٹس کو کمرشل پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، اور معمول کے فضائی آپریشنز بحال ہو گئے ہیں۔اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشنز مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد آنے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے معاونت کے بعد لینڈ کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ تاہم، گلگت اور اسکردو کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشنز ابھی تک معطل ہیں۔نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فضائی حدود کھلنے کے بعد مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے، تاہم ابھی تک کسی پرواز نے لینڈ یا ٹیک آف نہیں کیا۔
اس سے قبل، بھارتی حملوں کے بعد نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ نافذ کرتے ہوئے فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیے گئے تھے، اور ایئر اسپیس کو عام پروازوں کے لیے بند کیا گیا تھا۔سی اے اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ میں رہیں، کیونکہ پروازوں کے شیڈول اور روٹنگ کے فیصلے ایئر لائنز کی صوابدید پر ہیں۔