لاہورمیں فضائی آلودگی کا راج برقرار ہے اور اسموگ کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی مجموعی شرح 232 ریکارڈ کی گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق گلبرگ ٹو میں ایئر کوالٹی انڈیکس 292 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایم ایم عالم روڈ پر 283 اور پیراگون سٹی میں 282 کی سطح پر رہا۔ اسی طرح ماڈل ٹاؤن میں اے کیو آئی 244 ریکارڈ کیا گیا۔دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال بہتر نہ ہوسکی۔ اقبال ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 232، کینٹ میں 230، بیدیاں روڈ پر 229، چمن پارک میں 215 جبکہ ڈی ایچ اے میں 213 ریکارڈ کی گئی۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی بلند شرح شہریوں کی صحت کے لیے خطرات بڑھا رہی ہے۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث سانس لینے میں دشواری، کھانسی، آنکھوں میں جلن اور گلے کی تکلیف سمیت مختلف مسائل جنم لے سکتے ہیں، جبکہ دمہ اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد، بزرگوں اور بچوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فضائی آلودگی کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ باہر نکلتے وقت حفاظتی ماسک کا استعمال کریں اور گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں تاکہ آلودہ ہوا کے اثرات سے محفوظ رہا جاسکے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری جبکہ کم سے کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔