بچوں کی ضروریات کو بجٹ سازی کا مستقل حصہ بنایا جائے:چیئرمین سینیٹ

ایشیا کے مالیاتی نظام میں بچوں کے حقوق اور ضروریات کو مرکزی حیثیت دی جائے:بنکاک میں خطاب
 بنکاک(آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے حکومتوں، پارلیمانوں اور کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں پر زور دیا ہے کہ ایشیا کے مالیاتی نظام اور بجٹ سازی میں بچوں کے حقوق اور ضروریات کو مرکزی حیثیت دی جائے اور بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق وعدوں کو عملی اور قابلِ پیمائش سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات بنکاک میں سیو دی چلڈرن کے زیر اہتمام پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایشیا اور بحرالکاہل کا خطہ 1  ارب سے زائد بچوں کا مسکن ہے، تاہم خطے کی ترقی کا حقیقی معیار صرف معاشی اشاریے نہیں بلکہ بچوں کی صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کیلئے مختص وسائل ہیں۔ لاکھوں بچے معاشی ناہمواری، مالیاتی دبا، موسمیاتی تبدیلی، سپلائی چین میں رکاوٹوں اور ترقیاتی معاونت میں تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے محدود مالی وسائل کے باوجود صحت اور تعلیم کے اخراجات کو ثانوی ترجیح نہیں بنایا جانا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ بچوں کی ضروریات کو قومی منصوبہ بندی اور بجٹ سازی کا مستقل حصہ بنایا جائے اور قرضوں و مالیاتی دبائو کے باوجود بچوں کی صحت، تعلیم اور تحفظ کے لیے مختص بجٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔