تالاب تفریح کیلئے نہیں جنگلی حیات کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بنایا گیا تھا:ترجمان محکمہ جنگلات

 لاہور ( تحصیل رپورٹر)چھانگا مانگا جنگل کے تالاب میں ڈوب کر 4 بچوں کے جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔واقعہ کمپارٹمنٹ نمبر 65، بلاک نمبر 3 میں پیش آیا ہے۔ترجمان محکمہ جنگلات پنجاب کے مطابق یہ پانی کا تالاب وائلڈ لائف کے لیے 2020-21 میں جنگلی حیات کی ضروریات  پوری کے لیے قائم کیا گیا تھا۔یہ تالاب  نہانے، عوامی تفریح یا غیر ضروری داخلے کے لیے مختص نہیں  تھا۔محکمہ جنگلات پنجاب نے تالاب کے نزدیک حفاظتی اقدامات،غیر مجازداخلے اور وارننگ بورڈز نصب کیے گئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے نانی کے ہمراہ خاردار تاریں عبور کرکے جنگل کے اندر داخل ہوئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات، پولیس اور ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئے۔ محکمہ جنگلات اور پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات پنجاب اس افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں سے مکمل تعاون کررہا ہے۔