حوثیوں کا آرامکو کے بعد سعودی عرب کی بلند ترین عمار ت پر حملہ

ریاض کے کنگ عبداللہ مالیاتی ضلع میں واقع سعودی خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کی عمارت کو میزائل حملے سے نقصان
سعودی طیاروں  کے صنعا میں فضائی حملے ،یمنی افواج کی حوثی ملیشیا کے کیخلاف کارروائیوں میں142 جنگجو ہلاک
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک‘آئی این پی)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کے صدر دفتر پر مشتمل بلند عمارت پر یمن کے حوثیوں کے میزائل حملے کے بعد علاقے کو خالی کرالیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تین باخبر ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں کے میزائل حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ مالیاتی ضلع میں واقع پی آئی ایف ٹاور کو شدید نقصان پہنچا ہے۔سعودی اتحاد نے جنوبی ریجن کی جانب داغے گئے چار بیلسٹک میزائل تباہ کردئیے،جبکہ حوثیوں کا ایک کروز میزائل بھی مار گرایا گیا۔دوسری جانب حوثی ملیشیا کے زیرانتظام یمن کی سرکاری خبر ایجنسی  کی رپورٹ کے مطابق  سعودی طیاروں نے جمعرات کی  صبح یمن کے دارالحکومت صنعا میں فضائی حملے  کئے ، اس پر سعودی حکام یا حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔دریںا ثنایمنی مسلح افواج نے آپریشن فجر الیمن کے تحت حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر شدید فضائی و زمینی کارروائیاں کرتے ہوئے درجنوں جنگجوں کو ہلاک کر دیا۔یمنی فوجی ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں حوثیوں کے مورچوں، گاڑیوں اور ہتھیاروں کے ذخائر کو نشانہ بناتے ہوئے مجموعی طور پر 746 حملے کئے گئے جن میں 21 فضائی حملے، 43 ڈرون حملے، 44 راکٹ لانچر اور 638 توپ خانے کے گولے داغے گئے۔کارروائیوں کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 142 کمانڈرز اور جنگجو مارے گئے جبکہ 72 بکتر بند گاڑیاں اور فوجی سازوسامان تباہ ہو گیا