جوہری جنگ کبھی جیتی نہیں جاسکتی اس لئے جوہری جنگ نہیں ہونی چاہیے، تینوں ممالک کو شراکت دار اور دوست ہونا چاہیے:چینی صدر
تینوں ممالک تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام کو مضبوط بنانے میں حصہ ڈال سکتے ہیں‘ توانائی اور سکیورٹی پر بات کرنی چاہیے:روسی صدر
مواقع ضائع کرکے کبھی امن حاصل نہیں کیا جاسکتا، تینوں ممالک جوہری ہتھیاروں میں کمی پر مذاکرات کیلئے ممتاز حیثیت رکھتے ہیں:امریکی صدر
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان سہ فریقی ملاقات چین کے شہر شینزن میں ہوئی جہاں تینوں ممالک کے رہنمائوں نے عالمی امن وسلامتی کے لیے مشترکہ ذمہ داری ادا کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا پر زور دیتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا جوہری ہتھیاروں پر مکمل پابندی عائد کی جانی چاہیے ، جوہری ہتھیاروں کو مکمل طور پر تباہ کر کے جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا تعمیر کرنی چاہیے۔چینی صدر نے جوہری ہتھیار انسانیت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے انہیں ختم کرنے کی تجویز دی اور کہا جوہری جنگ کبھی جیتی نہیں جاسکتی اس لیے جوہری جنگ نہیں ہونی چاہیے، تینوں ممالک کو سرد جنگ کی ذہنیت ترک کر دینی چاہیے۔چینی صدر نے کہا کہ تینوں ممالک کو شراکت دار اور دوست ہونا چاہیے جبکہ چین، روس اور امریکا کو تنازعات میں شامل فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنے اور تنازعات کو سیاسی طور پر حل کرنے پر آمادہ کرنا چاہیے۔
اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا امن کے مواقع ضائع کرکے کبھی امن حاصل نہیں کیا جاسکتا، تینوں ممالک جوہری ہتھیاروں میں کمی پر مذاکرات کیلئے ممتاز حیثیت رکھتے ہیں، پہلی بار چین اور روس کے ساتھ مشترکہ مذاکرات کے ذریعے ایک نئی سمت طے کر رہے ہیں۔روسی صدر پیوٹن نے کہا روس، چین اور امریکا تعمیری تعاون کریں تو وہ عالمی استحکام کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں، ہمیں عالمی ، علاقائی تعلقات سمیت توانائی اور سکیورٹی پر بات کرنی چاہیے۔