امریکہ اورایران کومذاکرات کی میز پر لانا معجزے سے کم نہیں،ایاز صادق

مذاکرات کے دوران کئی بار گرما گرمی ہوئی ،کئی بار ایسا ہوا معاملہ ٹھنڈا کرنے کیلئے میٹنگ کو روکنا پڑا،پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو ہر ملک نے سراہا
 میرے حلقے میں 38 ارب روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں،2022سے پاکستان کی تقدیر بدلنی شروع ہوئی،حکومتی کوششوں سے معیشت میں بہتری آئی ہے:اسپیکرقومی اسمبلی
 لاہور (آئی این پی )اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاہے کہ پاکستان نے امریکا ایران کو پہلی بار ایک میز پر بٹھادیا،دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانا معجزے سے کم نہیں۔ لاہور میں برکی روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردارایازصادق نے کہاکہ مذاکرات کے دوران کئی بار گرما گرمی ہوئی ،کئی بار ایسا ہوا معاملہ ٹھنڈا کرنے کیلئے میٹنگ کو روکنا پڑا،پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو ہر ملک نے سراہا ہے۔ ایاز صادق نے کہاہے کہ پنجاب بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیاگیاہے۔سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ میرے حلقے میں 38 ارب روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں،2022سے پاکستان کی تقدیر بدلنی شروع ہوئی۔ ایاز صادق نے کہاکہ توقع ہے رواں سال دسمبر تک پورے پنجاب کی سڑکوں اور سیوریج کی تقدیر بدل جائے، حکومتی کوششوں سے معیشت میں بہتری آئی ہے۔