انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کے لئے پی ٹی آئی کو پھر دعوت

اسلام آباد  ( آن لائن)حکومت نے انتخابی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے اور اپوزیشن کے تحفظات دور کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی ایک بار پھر دعوت دے دی ہے۔ حکومتی چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات میں کمیٹی کی تشکیل اور اپوزیشن کے ناموں کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، تاہم پی ٹی آئی نے تاحال کمیٹی میں شمولیت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے اتحادی جماعتوں کے تمام نام موصول ہو چکے ہیں، جبکہ اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے بھی کمیٹی کے لیے نام دینے کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی تشکیل میں اگر کوئی رکاوٹ ہے تو وہ اپوزیشن کی جانب سے اپنے نام فراہم نہ کرنا ہے۔