حکومت کا انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کی ارکان کو پارلیمانی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت

سپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کیلئے خط لکھیں گے‘خط کے ذریعے اپوزیشن سے کمیٹی میں شامل کئے جانے والے پانچ ارکان کے نام مانگے جائیں گے
وزیرِ اعظم نے لاہور اور کراچی ائیرپورٹس  میں  توسیع کی منظوری دے دی  ‘ہوائی اڈوں پر مسافروں کو سہولت اولین ترجیح بنائی جائے، کھانے پینے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا:شہبازشریف 
پاکستان اور ترکیہ کی دوستی مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور غیر متزلزل یکجہتی پر قائم ہے،  خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے:وزیراعظم‘ترکیہ کے قومی دن پر مبارکباد
اسلام آباد (آن لائن‘یو این پی) حکومت نے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے اور انتخابی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے اور اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اسے پارلیمانی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ ہیں، جبکہ حکومت اس عمل کو باہمی مشاورت کے ذریعے آگے بڑھانا چاہتی ہے تاکہ آئندہ انتخابات کے انعقاد اور انتخابی نظام میں بہتری کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔اس مقصد کے لیے 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات میں اپوزیشن کے پانچ ارکان کو شامل کرنے کی تجویز پر پیش رفت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی یقینی بنانے کے لیے اس سے ارکان کے نام طلب کیے جائیں۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کے لیے خط لکھیں گے۔ خط کے ذریعے اپوزیشن سے کمیٹی میں شامل کیے جانے والے پانچ ارکان کے نام مانگے جائیں گے، تاکہ انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے‘دریں اثناء  وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کی ماسٹر پلانز کے تحت توسیع کی منظوری دے دی جبکہ وزیرِ اعظم شہاز شریف نے ائیرپورٹس پر بین الاقوامی معیار کو مد نظر رکھ کر سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی ایئرپورٹس پر مسافروں کی سہولت اولین ترجیح بنائی جائے، ہوائی اڈوں پر مسافروں کیلئے بہترین کیٹررز کی خدمات لی جائیں اور کھانے پینے کی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے بڑے شہروں میں ہوائی اڈوں کی توسیع اور ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس  اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس کو بڑے ائیرپورٹس پر سفری سہولیات کے معیار کو جانچنے کے حوالے سیحال ہی میں بین الاقوامی فرم کے زریعے مکمل کئے گئے سروے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان اور برادر ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے  ترکیہ کی قابلِ فخر تاریخ، شاندار ثقافتی ورثہ اور غیر معمولی ترقی کا سفر ترک عوام کے عزم، بہادری اور ناقابلِ تسخیر جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اخوت و بھائی چارے کا ایک منفرد اور مضبوط رشتہ قائم ہے، جس کی بنیاد مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور غیر متزلزل یکجہتی پر استوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید وسعت اور مضبوطی اختیار کر رہی ہے۔ یہ تعلقات سرحدوں اور نسلوں کی حدود سے بالاتر ہیں، جبکہ مشترکہ اقدار اور باہمی امنگیں اس رشتے کو مزید مستحکم بناتی ہیں