پیپلزپارٹی کی اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت

محمود اچکزئی ، علامہ راجہ ناصر سے چند گھنٹوں میں پی پی وفد کی دو ملاقاتیں ہوئیں:ذرائع
اپوزیشن رہنمائوں نے پی ٹی آئی قیادت سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا،شرکت کا عندیہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے دی۔ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی اور علامہ ناصرعباس نے پی ٹی آئی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے تاہم اپوزیشن نے کمیٹی میں شرکت کرنے کا عندیہ دیا ۔بلاول بھٹو کی ہدایت پر اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے چند گھنٹوں میں پی پی وفد کی دوسری ملاقات ہوئی جس میں علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابات میں شفافیت مئوثر بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی 2024 کے عام انتخابات، ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلیوں کا جائزہ لے گی، دھاندلیوں کے ذمہ داران کا تعین کرکے آئندہ کے لیے اس کا راستہ روکے گی جب کہ کمیٹی شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔اس موقع پر شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے جواب کیلیے مشاورت کا وقت مانگا ہے اور امید ہے مثبت جواب ملیگا۔