انتخابی اصلاحات کمیٹی : اے این پی، جے یو آئی‘بلوچستان عوامی پارٹی کو نمائندگی دینے کا فیصلہ

 پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو سینیٹ سے کمیٹی میں دو، دو نشستیں ملیں گی‘اسحاق ڈار سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد سینیٹرز کے نام فائنل کریں گے
اسلام آباد (آن لائن) انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے سینیٹ میں سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کا فارمولا طے پا گیا ہے، جس کے تحت ایوانِ بالا میں جماعتوں کی نشستوں کے تناسب سے کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی۔طے شدہ فارمولے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو سینیٹ سے دو، دو نشستیں دی جائیں گی، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو بھی کمیٹی میں دو نشستیں حاصل ہوں گی۔اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور نیشنل پارٹی کو ایک، ایک نشست دی جائے گی، جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کو بھی سینیٹ سے کمیٹی میں ایک نشست ملے گی۔پارلیمانی کمیٹی کے لیے سینیٹرز کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا اختیار نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو دیا گیا ہے، جو اپوزیشن، حکومتی اتحادی جماعتوں اور پارلیمانی قیادت سے مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار تمام متعلقہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد سینیٹرز کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے،  پیپلزپارٹی نے کمیٹی میں اپنی نمائندگی کے لیے قومی اسمبلی کے پانچ اور سینیٹ کے دو ارکان کے نام فائنل کرلیے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کمیٹی کی چیئرمین شپ پیپلزپارٹی کو دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، جس کے بعد سینیٹر فاروق ایچ نائیک اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔