پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کا جائزہ لے عوامی ریفرنڈم کو چور دروازہ کہنا جمہوری سوچ نہیں طارق فضل چودھری

  احتساب یکطرفہ نہیں ہوسکتا، ہر سیاسی جماعت اور اس کی قیادت عوام کے سامنے جوابدہ ہے، حکمرانی کسی کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے
  قومی فیصلے بند کمروں میں نہیں آئینی تقاضوں، پارلیمانی مکالمے اور عوامی اعتماد کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، وفاقی وزیر کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے  نظام کی اصلاح اور مستقبل کے فیصلوں کا اختیار کسی ایک سیاسی جماعت کی اجارہ داری نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے۔ عوامی ریفرنڈم کو چور دروازہ قرار دینا جمہوری سوچ کی عکاسی نہیں کرتا۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوںنے کہا  پارلیمان میں بحث کے ساتھ عوام کو بھی اپنے مستقبل کے بارے میں آئینی طریقے سے رائے دینے کا حق ملنا چاہیے۔ ریفرنڈم آئین میں موجود ایک راستہ ہے، اسے غیر جمہوری قرار نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر جمہوریت، پارلیمان کی بالادستی اور آئین پر یقین ہے تو عوام کی براہ راست رائے پر اعتراض کیوں کیا جارہا ہے؟۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 18 برس سے سندھ میں اقتدار میں ہے اور 2022 سے وفاقی حکومت میں بھی شریک رہی ہے۔نظام کی اصلاح کی بات کرنے کے ساتھ پیپلز پارٹی کو اپنی حکمرانی، کارکردگی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کا جائزہ بھی لینا چاہیے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ احتساب یکطرفہ نہیں ہوسکتا، ہر سیاسی جماعت اور اس کی قیادت عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔ حکمرانی کسی کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے