شرپسندوں نے راولاکوٹ ‘چمیاتی، دیر کوٹ اور ڈڈیال کے علاقوں میں پولیس پر فائرنگ کی‘متعدد شہری بھی زخمی ہو گئے‘شہید اور زخمی ہونے والوں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے
ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات تقسیم کرلئے ‘ ہماری طرف سے ضد یا انا کا مسئلہ نہیں :وفاقی وزیر‘مہذب معاشرے میں تنازعات کا حل صرف مذاکرات ہیں:وزیراعظم آزاد کشمیر
راولاکوٹ‘اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)آزاد کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں شر پسندوں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والے تمام سپاہیوں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔پولیس کے مطابق شر پسندوں نے راولاکوٹ اور ڈڈیال میں پولیس پر حملہ کیا، شر پسندوں نے چمیاتی، دیر کوٹ اور ڈڈیال کے علاقوں میں پولیس پر فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق آزاد کشمیر پولیس کے 3 سپاہی شہید ہوگئے، شر پسندوں کی اندھا دھند فائرنگ سے 9 پولیس اہلکار زخمی، بلوائیوں کی فائرنگ سے متعدد شہری زخمی بھی ہوئے‘دریں اثناء وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے تشدد کا راستہ قبول نہیں، آزاد کشمیر کی ایکشن کمیٹی جہاں چاہے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔اسلام آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا عوامی ایکشن کمیٹی نے29ستمبر کو پْرامن احتجاج کی کال دی تھی، پْرامن احتجاج کے بجائے تشدد کا راستہ اپنایا گیا۔وزیراعظم نے میری ڈیوٹی لگائی کے مذاکرات کریں ،مسائل کے حل کیلیے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی تھی ، ہم نے شہباز شریف کی ہدایت پر مظفر آباد میں ایکشن کمیٹی کے ساتھ 12 گھنٹے مذاکرات کیے۔ایکشن کمیٹی کے 90 فیصد مطالبات تقسیم کرلئے ہیں، بجلی کے حوالے سے کچھ ایشو تھے وہ بھی ہم نے مانے، کمیٹی میں طے پایا کہ دو مطالبات کو بعد میں حل کیا جائے گا، ہماری طرف سے کوئی ضد یا انا کا مسئلہ نہیں ہے۔‘وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا مہذب معاشرے میں تنازعات کا حل صرف مذاکرات ہیں، اشتعال دلانا سب سے آسان کام ہے ،پاکستان میں مہاجرین کی قانون ساز اسمبلی کی نشستیں ختم کرنے کیلئے ترمیم درکار ہے۔اْنہوں نے کہا راولا کوٹ میں پولیس کے3جوان شہید،100سے زائد زخمی ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرشدید دکھ اور افسوس ہے۔انہوںنے کہا مظفرآباد،راولاکوٹ،کوٹلی میں جہاں آپ چاہیں مذاکرات کے لیے تیار ہیں، مذاکرات کوبحال اورلانگ مارچ کوروک دیں،یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جوڈائیلاگ کے ذریعے حل نہ ہو