ہو سکتا ہے میرے خطے کے لوگ کہیں نئے صوبے بننے چاہئیں‘جب عوام خود ہی بول پڑیں تو ان کے نمائندوں کے بولنے نہ بولنے سے فرق نہیں پڑتا، لوگوں کے مسائل بڑے ہیں
میری سالک حسین سے بات ہوئی ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے پنجاب میں کرپشن بہت زیادہ ہوئی ہے ، وسائل کی تقسیم زیادہ بہتر ہونی چاہیے:سپیکر پنجاب اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو
لاہور(خصوصی رپورٹر )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے مولانا فضل الرحمان کو جاندار مقرر کے طور پر دیکھا ہے، دہشت گردی کے حوالے سے مولانا کو سوچ کر بات کرنی چاہیے ،ہوسکتا ہے میرے خطے کے لوگ کہیں نئے صوبے بننے چاہئیں، ہو سکتا ہے دوسرے خطے کے لوگ اس کو نہ مانیں۔لاہور ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ کتابوں پر توجہ دے رہے ہیں، کسی بھی معاشرے کی بہتری اس کی تعلیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، اس کی وجہ سے ریاست میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے مستقبل میں ایسا سلسلہ چلتا رہے گا، انیس سو تہتر کے آئین میں واضح لکھا ہے کہ اختیارات کی طاقت عوام کے پاس ہونی چاہیے، وفاقی وزیر داخلہ نے ریفرنڈم کا کہا ہے، میرا خیال ہے اس پر ریفرنڈم کروالے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام کہتی ہے صوبے بننے چاہیے تو بنادے اور اگر کہتے ہیں کہ صوبے نہیں بننے چاہیے تو نہ بنائے، سندھ میں پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ عوام کے نمائندے ہم ہیں اگر سندھ کی عوام کہتی ہے کہ صوبے بنادے تو بنادے، میری سالک حسین سے بات ہوئی ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن بہت زیادہ ہوئی ہے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کرپشن کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی، بین الاقوامی تعاون و خصوصی اقدامات علی ڈار نے لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقدہ ایکسپو بک اینڈ اسٹیشنری فیئر 2026 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی اقدامات اور اصلاحات اپنی مثال آپ ہیں۔ پنجاب میں تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم، خودمختار پروگرام اور ہنرمند نوجوان جیسے منصوبے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ مریم نواز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو تعلیم، جدید مہارتوں اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔علی ڈار نے کہا کہ تعلیم اور علم کے فروغ کے بغیر کوئی قوم ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کر سکتی۔ کتاب انسان کی بہترین دوست اور علم و شعور کے حصول کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔