سندھ تقسیم ہوا تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا بلاول بھٹو
سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا،لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنے سے حقدار کو اس کا حق مل سکے گا، میں بھی سسٹم تباہ ہونے کا ذمہ دار ہوں
حکومت کو مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔‘مولانا کا پی ڈیم ایم میں کردار نہ ہوتا تو آپ کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے ‘ سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو پارلیمان سے آغاز کیا جائے
تمام وزرائے اعظم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا یا جاتا ہے ‘ وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کسی وزیراعظم کو جیل نہ جانا پڑے ‘شہباز شریف کے پاس اپنے وزیر کو کنٹرول کرنے کا اختیار ہونا چاہیے : میٹ دی پریس سے خطاب
کراچی (آن لائن)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹونے کہا ہے سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہوگا ‘پاکستان میں ریفرنڈم ہمیشہ غیر جمہوری کاموں کیلئے کرایاگیا‘پیپلز پارٹی پنجاب میں کسی سازش کا ساتھ نہیں دے گی‘ہمیں سیاسی انتقامی کارروائیوں کی ریت ختم کرنی چاہیے ۔ سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا ہو گا آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے ۔ حکومت کو مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ مولانا کا پی ڈیم ایم میں کردار نہ ہوتا تو آپ کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے ۔ سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو پارلیمان سے اس کا آغاز کیا جائے ۔ نئے صوبے بنانا کوئی مذاق نہیں ، زبردستی کی تقسیم سے عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا ، کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا ۔ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوے بلاول نے کہا میڈیا معاشرے کا چیک اینڈ بیلنس ہے، صحافی ملک کی اصل طاقت ہیں، آواز اور قلم میں حکومتیں بنانے اور گرانے کی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں صحافی اتنا کمزور نہیں تھا جتنا آج ہے تو اس کو ری سیٹ کرنا پڑے گا تاکہ آپ کے پاس وہ طاقت ہو جو آپ کا حق ہے، اگر آپ کو سچ بولنے کیلئے سوچنا پڑے گا تو میڈیا کا ادارہ چل نہیں سکے گا، سیاستدان کردار ادا نہیں کریں گے تو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی طرف نہیں جائیں گے، ہم صحافیوں کی آواز بننے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم خودتباہ نہیں ہوا اسے تباہ کیا گیا ہے، سسٹم کا جو علاج بتایا جا رہا ہے وہ اس بیماری کا علاج نہیں، ری سیٹ کرنے کیلئے غیرسیاسی نہیں سیاسی ہونا پڑے گا، سسٹم کو پارلیمان کے ذریعے ری سیٹ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو جتنا بھی برا لگے لیکن مولانا فضل الرحمان کی باتوں کا جواب دیں، مولانا فضل الرحمان کے بغیر آپ آج کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے، مولانا اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ آ ج اپ کو کیسے یاد آ گیا کہ مولانا کا گھر غیر قانونی تجاوزات میں ہے ۔ اگر کوئی زبان کھولے گا تو اس کے پیچھے کیا نیب کو ڈال دیا جائے گا ‘ بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل چلا جاتا ہے، اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، خوف ہے ان حالات میں پاکستان کے عوام کا کیا حال ہوگا‘ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے، آپ پی ٹی آئی کے پاس جائیں بات کریں، اگر وہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے۔چیئر مین پی پی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر دو ترامیم کرالیں، اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دیے، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا کہ ان کا اب اعتماد نہیں رہا۔ان کاکہنا تھا ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے‘ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی زور زبردستی سے صوبے بنانے کے حق میں نہیں ہے ۔ نئے صوبے بنانا کوئی مذاق نہیں ۔ زبردستی کی تقسیم سے لوگ ہتھیار اٹھائیں گے ۔ سندھ کی تقسیم سے کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا یہ احتجاج ایک شہر تک محدود نہیں رہے گا پور اصوبہ اس کی لپیٹ میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنا نے کے لئے ریفرنڈم واحد حل ہے ۔ ابھی تو پارلیمان میں کیا کابینہ میں بھی صوبوں کے معاملے پر بحث نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ محسن بھائی کیا کرنا چاہ رہے ہیں کوئی ایک وزیر کس طرح صوبوں کی رٹ لگا سکتا ہے ۔ ہم نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنوایا تھا ہم انھیں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں اب انکے پاس اتنا تو اختیار ہو نا چاہیے کہ وہ اپنے وزیر کو کنٹرول کر سکے ۔ انہوں نے کہا میں عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں ۔ اس ملک کی تاریخ ہے ہر وزیراعظم چور ہے ۔ تمام وزرائے اعظم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا یا جاتا ہے ۔ میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کسی وزیراعظم کو جیل نہ جانا پڑے