پولیس نے 3 روز تک اہم ملزم کے فرار کی خبر چھپائے رکھی، پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی پر تھانہ چکری میں مقدمہ
راولپنڈی پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے چکری موٹروے کے قریب فرار ہوا، اے ایس آئی ظفر کا ملزم کے بھائی سے رابطہ تھا
راولپنڈی (آئی این پی )پنجاب پولیس کی حراست سے فرار ہونے والے سابق اے ڈی سی آر سیالکوٹ کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا، راولپنڈی پولیس نے اقبال سنگھیڑا کو گرفتار کرکے کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا۔ تفصیل کے مطابق سابق ڈی سی آر سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا راولپنڈی پولیس کی حراست سے فرار ہوئے تھے، ایسا تب ہوا جب راولپنڈی پولیس ملزم کو تھانہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کے ایک مقدمہ میں عدالت میں پیشی کے لئے راولپنڈی لائی جہاں پیشی کے بعد واپس لاہور جاتے ہوئے ملزم کا بھائی اسے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس کی حراست سے لے کرفرار ہوگیا، ذرائع کا کہنا تھا پولیس نے 3 روز تک اہم ملزم کے فرار کی خبر چھپائے رکھی، پولیس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی پر تھانہ چکری راولپنڈی میں مقدمہ درج کیا گیا۔اس حوالے سے درج مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل گارد پولیس اسے پیشی کے لئے لاہورجیل سے راولپنڈی لائی تھی اور پیشی کے بعد واپس لاہور لے جاتے ہوئے وہ راولپنڈی پولیس کی مبینہ ملی بھگت سے چکری موٹروے کے قریب فرار ہوگیا، اے ایس آئی ظفر اقبال کا ملزم کے بھائی سے رابطہ تھا، پولیس اہلکاروں نے اپنے طور پر ملزم کو تلاش کیا مگر ناکامی پر شرمندگی کے باعث واقعے کی فوری اطلاع نہیں دی، اے ایس آئی ظفر اقبال سمیت دیگر پولیس اہلکاروں نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا