ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اقبال سنگھیڑا پولیس حراست سے فرار‘بیرون ملک جانے کاامکان

 ملزم پر کروڑوں کی کرپشن کا الزام تھا، عدالت پیشی کے بعد پولیس کی نگرانی میں واپس لاہور لے جایا جا رہا تھا
 موٹروے سروس ایریا میں واش روم جانے کا بہانہ بنا کر فرار ہو ا،پولیس کی سنگین غفلت سامنے آنے پر کارروائی شروع 
 ملزم اپنے بھائی اور دیگر ساتھیوں سے مسلسل رابطے میں تھا، جنہوں نے اسے فرار کرانے کا مکمل منصوبہ تیار کر رکھا تھا
لاہور(بیورو رپورٹ)راولپنڈی میں اے ڈی سی آر سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کے پولیس حراست سے فرار ہونے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آگیا ہے۔ ملزم پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام تھا، جبکہ وہ عدالت پیشی کے بعد پولیس کی نگرانی میں واپس لاہور لے جایا جا رہا تھا۔ راولپنڈی کے تھانہ چکری کے علاقے میں اْس وقت حیران کن صورتِ حال پیدا ہوئی جب کرپشن کے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والا اے ڈی سی آر سیالکوٹ، اقبال سنگھیڑا، پولیس کی حراست سے فرار ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ملزم اپنے بھائی اور دیگر ساتھیوں سے مسلسل رابطے میں تھا، جنہوں نے اسے فرار کرانے کا مکمل منصوبہ تیار کر رکھا تھا۔ ملزم پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے این او سی کے بدلے کروڑوں روپے رشوت لینے کا الزام ہے، جبکہ اینٹی کرپشن راولپنڈی 2022 میں بھی اس کے خلاف مقدمہ درج کر چکی ہے۔اقبال سنگھیڑا کو 13 نومبر کو لاہور جیل سے راولپنڈی اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا۔ تاہم واپسی کے دوران موٹروے سروس ایریا میں واش روم جانے کا بہانہ بنا کر وہ فرار ہو گیا۔پولیس کی سنگین غفلت سامنے آنے پر کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف چکری تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اقبال سنگھیڑا  کو لے جانے والے اے ایس آئی ظفر اقبال کو مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ اسے چھڑانے والوں میں پانچ سے چھ نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے‘اقبال سنگھیڑا کی گرفتاری کے لئے اینٹی کرپشن پولیس اور راولپنڈی کی پولیس کے ساتھ وزارت داخلہ بھی تحقیقات کر رہی ہے ‘امکان ظاہر کیا جا رہا ہے وہ بیرون ملک فرار ہو گیا ہے‘یئر پورٹس سے اس کی بیرون ملک روانگی کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے