ملزم جعلی پولیس مقابلے میں وکیل ذیشان ڈھڈی کے قتل کیس میں گرفتار تھا
ہیڈ کانسٹیبل اور تین اہلکاروں گرفتار ، مقدمہ درج ، ایس ایچ او اور محرر معطل
ملتان ،بوریوالا(خصوصی رپورٹ)ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق ہائی پروفائل کیس کا ملزم سابق ایس ایچ او ماچھیوال رائے ساجد ایف آئی اے کی حراست سے فرار ہو گیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان عطاء الرحمن نے غفلت کے مرتکب ایس ایچ او اور محرر کو معطل کر دیا جبکہ ڈیوٹی پر موجود تین اہلکاروں کو گرفتار کر کے ان پر مقدمہ درج کرا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع وہاڑی میں تھانہ ماچھیوال کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران وکیل ذیشان ڈھڈی جاں بحق ہوئے تھے۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ یہ جعلی پولیس مقابلہ تھا۔ ایف آئی اے کی تحقیقات سے لواحقین کا مو?قف درست ثابت ہوا اور ماچھیوال کے ایس ایچ او رائے ساجد سمیت دیگر اہلکار گرفتار کر لئے گئے تھے۔ چند روز قبل عدالت میں پیشی کے دوران ریمانڈ حاصل کیا گیا مگر دوران ریمانڈ سابق ایس ایچ او رائے ساجد ایف آئی اے سٹاف کو چکمہ دے کر حوالات سے فرار ہو گئے۔ملزم کے فرار ہونے پر ڈائریکٹر عطا ء الرحمن نے ڈیوٹی پر موجود ہیڈ کانسٹیبل اور تین اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرایا اور ایس ایچ او و محرر کو معطل کر دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق 27 فروری کی رات رائے ساجد کے رشتہ دار ملاقات کے لئے آئے، جس دوران ملزم نے بیمار ہونے کا ڈراما رچایا اور رشتہ داروں کی مدد سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملاقات کیلئے آنیوالوں تین افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔