ویب ڈیسک: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع باجوڑ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے اس المناک واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔"انہوں نے کہا کہ"دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام اور ریاستی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر قوم کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔"آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ"ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔"صدر مملکت نے شہداء کو قوم کے ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔