وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے قریب خودکش حملہ ناکام بنانے کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے بہادر شہری لیاقت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ لیاقت نے ایک ذمہ دار شہری کی طرح دہشت گرد کو روک کر اس کی شناخت پوچھی، جس پر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، اور اس واقعے میں لیاقت نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید لیاقت کی بروقت جرات نے ممکنہ بڑے جانی نقصان کو روک دیا اور وہ غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی روشن مثال ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے بہادر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی علامت ہیں اور لیاقت کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
ان کے مطابق شہید لیاقت جیسے لوگ قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی جان دے کر دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی جائے گی۔