شہید بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا خراجِ عقیدت

شہید بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

 صدر نے کہا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہید بی بی نے جمہوریت، انسانی وقار، اور خواتین کے حقوق کے لیے ناقابل فراموش جدوجہد کی۔ انہوں نے آمریت کے خلاف بہادری سے مزاحمت کی اور ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے قیادت کا فریضہ انجام دیا۔آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی تھیں اور ان کی قربانیاں، وژن، اور عوام سے وابستگی پاکستان پیپلز پارٹی کی اجتماعی میراث ہیں۔صدر کا کہنا تھا کہ شہید بی بی خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری کی علمبردار تھیں اور انہوں نے ہمیشہ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی آواز بن کر ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے کوششیں کیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ:“ہم محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کریں گے اور ان کے اصولوں پر کاربند رہ کر ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔”صدر مملکت نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ:“شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی فکر آج بھی ایک منصفانہ، جمہوری اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔”