اسلام آباد:ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدگی اور پاکستان کی جانب سے کیے گئے جوابی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم نے صدر کو بھارت کے خلاف جاری آپریشن اور اس کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صدرِ مملکت کو بتایا کہ کس طرح افواجِ پاکستان نے مربوط، منظم اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ "الحمدللّٰہ افواجِ پاکستان نے بھرپور اور طاقتور جواب دیا۔ بھارت کے میزائل اور ڈرون حملوں کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔" انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کو بھارت نے مسترد کیا، جو اس کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس سے قبل ملکی سیاسی قیادت سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمٰن، بیرسٹر گوہر، خالد مقبول، حافظ نعیم الرحمٰن، خالد مگسی اور چوہدری سالک کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔وزیرِ اعظم نے سیاسی رہنماؤں کو بتایا تھا کہ بھارت کے خلاف کارروائی قومی مفاد اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھی، اور اس میں تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں۔