جانوروں ،پرندوں کے 12غیرقانونی شکار ی ، ڈیلرز گرفتار

محکمہ جنگلی حیات کی لاہور ، فیصل آباد،راولپنڈی اور کہوٹہ میں کارروائیاں 
لاہور (لیڈی رپورٹر)محکمہ جنگلی حیات وپارکس تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی بازیابی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ترجمان محکمہ کے مطابق گزشتہ روز لاہور ، فیصل آباد اور راولپنڈی سے نایاب جنگلی جانور ککڑ ، جنگلی سور، تیتراور طوطوں کے 12غیرقانونی شکاری و ڈیلرز گرفتار کرکے انہیں بھاری جرمانے کئے گئے۔محکمہ جنگلی حیات لاہور کی ٹیم نے طوطوں کی آن لائن خرید وفروخت میں ملوث 2ملزموں کو تلاش کرکے گرفتار کیا اور ان کے قبضہ سے ایک درجن کے لگ بھگ گانی دار طوطے برآمد ہوئے۔ فیصل آباد میں جنگلی طوطوں کا غیرقانونی شکاری گرفتار کرکے عدالت کے روبروپیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو 10ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا۔ کہوٹہ میں ککڑ کے غیرقانونی شکار میں مشغول 2شکاریوں کو گرفتار کرکے 30ہزار روپے جرمانہ جبکہ کتوں کیساتھ جنگلی سورکے غیرقانونی شکار میں ملوث 4شکاریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے انہیں 40ہزار روپے جرمانہ ، راولپنڈی تحصیل کے علاقہ میں تیتر کے 3غیرقانونی شکاریوں کو 55ہزار روپے جرمانہ کرکے کیسز نمٹادئیے گئے۔