جنگلی جانوروں،پرندوں کو ’’قید‘‘ کرنیوالے ملزم گرفتار

وائلڈ لائف رینجرز کی ملتان ،مظفر گڑھ اور ڈی جی خان میں کارروائیاں،2 لاکھ جرمانہ
لاہور (خصوصی رپورٹ) وائلڈ لائف رینجرز ملتان ،مظفر گڑھ اور ڈی جی خان نے بلا لائسنس جنگلی جانوروں و پرندوں کو قبضہ میں رکھنے والے17 ملزموں کو گرفتار کر کے 14کو 2لاکھ جرمانہ کیا جبکہ3 کیس عدالت کو بھیج دئیے۔ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بلا لائسنس جنگلی پرندوں کو رکھنے والے 2 ملزموں کو 20ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا ،اسی طرح کی دیگر کارروائیوں میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز مظفرگڑھ اور ڈی جی خان نے بلا لائسنس رکھے گئے شکاری کتوں، جنگلی پرندوں اور جنگلی سوروں کی پاداش میں 15 ملزم گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 6 شکاری کتے اور 4 سور بر آمد کرلئے اور ملزموں کا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے12 کو 1 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا اور جنگلی سور قدرتی ماحول میں آزاد کردئییجبکہ 3 کیس مقامی عدالت کو بھیجے گئے جن پر کارروائی جاری ہے۔