ویب ڈیسک:دنیا کا سب سے اونچا محراب والا ریلوے پل، جو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں واقع ہے، پہلی بار اس خطے کو ملک کے دیگر حصوں سے ٹرین کے ذریعے جوڑنے کے لیے مکمل ہو چکا ہے۔
یہ پل جموں کے ضلع ریاسی میں دریائے چناب پر واقع ہے اور اسے مکمل کرنے میں انڈین ریلوے کو 20 سال سے زیادہ کا وقت لگا۔یہ پل، جو ایفل ٹاور سے 35 میٹر بلند ہے، ایک تکنیکی اور انجینئرنگ کا شاندار نمونہ ہے۔ پل پر پہلی ٹرین بہت جلد بکل اور کوری کے علاقوں کے درمیان چلائی جائے گی۔ یہ پل 272 کلومیٹر طویل ریلوے لائن کا حصہ ہے، جو ہر موسم میں فعال رہے گی اور اس کے ذریعے کشمیر کو دیگر ریاستوں سے ریلوے کے ذریعے جوڑا جائے گا۔اس اہم منصوبے کو پورا کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے طریقوں کا استعمال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ایک انتہائی بلند اور مضبوط پل تعمیر کیا گیا ہے جو انتہائی موسمی حالات میں بھی کام کرنے کے قابل ہے۔ اس کا افتتاح بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں نہ صرف ریلوے کی سہولت کو بڑھائے گا بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔