ریکوڈک کو 2028 تک ریلوے نیٹ ورک سے جوڑنے کی وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

ریکوڈک کو 2028 تک ریلوے نیٹ ورک سے جوڑنے کی وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکو ڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے سے بلوچستان کے معدنیات کے شعبے میں ترقی آئے گی اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن اور ریکو ڈک تک اس کی توسیع سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ایم ایل-1 اور ایم ایل-3 منصوبوں سمیت مستقبل کی کارگو اور نقل و حمل کی ضروریات کے پیش نظر پاکستان ریلویز کی ترقی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے 2028 تک ریکو ڈک کو ریلوے لائن سے منسلک کرنے کی ہدایت کی اور اس مقصد کے لیے بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا جو فنانسنگ کے حوالے سے ٹھوس تجاویز مرتب کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ ایک سستا، تیز اور ماحول دوست ذریعہ نقل و حمل ہے۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر بحری امور جنید چوہدری، وزیر ریلویز حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے ریلویز بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔