آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے میں اہم پیش رفت

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے میں اہم پیش رفت

اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے دور افتادہ وادی اشکومن اور سانڈی، ضلع غذر کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں جدید 4G انٹرنیٹ سروس فراہم کر کے ڈیجیٹل رابطوں میں اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔

ایس سی او کے مطابق مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود ان علاقوں میں 4G سروس کی اپ گریڈیشن مکمل کی گئی ہے، جس کا مقصد دور دراز علاقوں کو ملک کے مرکزی ڈیجیٹل نیٹ ورک سے جوڑنا اور رابطوں کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں بہتری آئی ہے بلکہ تعلیم، روزگار اور آن لائن سہولیات تک رسائی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔مقامی شہریوں نے ایس سی او کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر انٹرنیٹ سہولت کے بعد اب وہ اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے بھی دنیا سے جڑے ہوئے ہیں۔ طلبہ اور اساتذہ کے مطابق تیز رفتار انٹرنیٹ نے تعلیمی سرگرمیوں کو بھی نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔

ماہرین کے مطابق دشوار گزار اور دور افتادہ علاقوں میں جدید ٹیلی کام سہولیات کی فراہمی نہ صرف ڈیجیٹل شمولیت کی جانب اہم قدم ہے بلکہ یہ مقامی ترقی اور معاشی مواقع کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔ایس سی او کا یہ اقدام ملک کے دور دراز علاقوں کو مرکزی ڈیجیٹل دھارے میں شامل کرنے اور یکساں ترقی کے وژن کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔