امریکی تاریخ میں غیر قانونی تارکین وطن کی سب سے بڑی بے دخلی ہو گی: ٹرمپ

غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی کا وقت آن پہنچا ہے، ہنگامی حالت نافذ کرنے کی بھی تیاری کر لی، فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی،نومنتخب صدر
واشنگٹن(آئی این پی)امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی کا وقت آن پہنچا ہے اور یہ امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بے دخلی ہو گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے انتخابی وعدے کے مطابق ملک سے غیر قانونی تارکین وطن کو نکالنے کے فیصلے پر عملدرآمد کا عندیہ دے دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی افراد کو جبری بے دخل کرنے کے حوالے سے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کی بھی تیاری کر لی ہے۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ بے دخلی امریکی تاریخ کی سب سے بڑی بے دخلی ہو گی اور اس کے لیے فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔