واقعہ ضلع بنوں کے سین تنگہ ویکی جانی خیل میں پیش آیا ،خاتون اوربچوں سمیت چار افراد زخمی بھی ہوئے
بنوں(آئی این پی)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم دہشت گردوں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 4افراد کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ضلع بنوں کے سین تنگہ ویکی جانی خیل میں پیش آیا ۔ نامعلوم مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد دم توڑ گئے جب کہ فائرنگ سے خاتون اور بچوں سمیت دیگر 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔حکام کے مطابق وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر قریب ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش تلاش شروع کردی گئی ہے، 4 افراد کے گھنائونے قتل کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش کی جائے گی اور ملزمان کو گرفتار کرکے سخت قانونی کارروئی کی جائے گی۔