بشری بی بی سیاست نہیں کررہیں تو کیا آلو گوشت بنانے کی ترکیب بتارہی ہیں(عظمی بخاری)

یہ فتنہ فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں‘ایک غیر سیاسی خاتون احتجاج کیلئے ٹارگٹ دے رہی ہیں‘، کیا بشریٰ بی بی اپنی اولاد کے ساتھ شرکت کریں گی
سوال یہ ہے  اسلحہ لے کر آپ پچھلی دفعہ آ گئے تھے، اس دفعہ نیا کیا ہوگا؟  اس دفعہ نیا یہ ہوگا   آپ کو لاشیں اکٹھی کرنی ہیں:پریس کانفرنس

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا  ہے بشریٰ بی بی لوگوں کو جمع کر کے سیاست نہیں کر رہی تھیں تو کیا آلو گوشت پکانے کی ترکیب بتا رہی تھیں؟ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  ایک غیر سیاسی خاتون احتجاج کیلئے ٹارگٹ دے رہی ہیں، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں  بشریٰ بی بی کا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں۔ غیر سیاسی خاتون اس وقت بھی غیر سیاسی نہیں تھی جب انہیں غیر سیاسی کہا جا رہا تھا۔ وہ غیر سیاسی خاتون مکمل طور پر ٹارگٹ دے رہی ہیں، وہ کہہ رہی ہیں ہر ایم پی اے پانچ ہزار، ایم این اے دس ہزار بندہ لے کر آئے گا۔ پنجاب کے ارکان اسمبلی کو بلایا گیا اور ان کو بات کرنے کی اجازت نہیں ملی۔ یہ پاکستان میں فتنہ فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ آپ کو ابہام ختم ہوجانا چاہیے  میر جعفر میر صادق کی ٹرم کہاں سے آئی تھی۔عظمیٰ بخاری نے کہا  اگر لوگ خود نکل رہے ہیں تو پھر ویڈیو بنانے کی ضرورت نہیں، چندہ اکٹھا پروگرام تو اس پارٹی پر ختم ہے، سوال یہ ہے  اسلحہ لے کر آپ پچھلی دفعہ آ گئے تھے، اس دفعہ نیا کیا ہوگا؟انہوں نے کہا  اس دفعہ نیا یہ ہوگا   آپ کو لاشیں اکٹھی کرنی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ لاشیں اکٹھی کرنے کا پروگرام بنایا، صرف قتل کروانا اور دہشت گردی کرنا ہی ان کی نئی چیز ہے جو ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف جہاد نہیں ہو سکتا، بانی پی ٹی آئی خود اپنے ہوتے ہوئے لاکھوں لوگ اکٹھے نہیں کر سکے، اگر آپ کا پانچ ہزار بندہ آئے تو مجھے بہت خوشی ہوگی، کیا بشریٰ بی بی صاحبہ اپنی اولاد کے ساتھ شرکت کریں گی۔انہوںنے  کہا  ہفتہ وار مہنگائی چار فی صد پر آگئی ہے۔