عمران اور بشری کی ناکام بغاوت کے ثبوت سامنے آگئے:عظمی بخاری

جنہوں نے انقلاب لانا تھا  وہ ایک دوسرے پر ٹائوٹ اور جاسوس کے الزامات لگا رہے ہیں
فتنہ پارٹی کا سوشل میڈیا ہی اس کیلئے وبال جان بن چکا  ہے:وزیراطلاعات پنجاب کا بیان
  لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے  بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی ناکام بغاوت کے تمام ثبوت سامنے آگئے۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد، سیکرٹری داخلہ اور ڈی پی او اٹک کی پریس کانفرنسز ناقابل تردید شواہد ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی 26 نومبر کی ناکام بغاوت کے تمام ثبوت سامنے آگئے ہیں، سکیورٹی فورسز پر حملوں کیلئے غیرملکیوں کو احتجاج میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج میں شریک افراد تربیت یافتہ اور تخریب کاری کے ماہر تھے، لاشوں کی سیاست کرنے والے اب تک درجن بھر بیانات تبدیل کر چکے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فتنہ پارٹی کا سوشل میڈیا ہی اس کیلئے وبال جان بن چکا ہے، اب وقت آگیا ہے پاکستان میں سوشل میڈیا کو ہر سطح پر ریگولرائز کیا جائے، جنہوں نے انقلاب لانا تھا اب وہ ایک دوسرے پر ٹائوٹ اور جاسوس کے الزامات لگا رہے ہیں۔